پشاور (شوبز ڈیسک) خیبر ٹیلیویژن نیٹ ورک کے قومی چینل "کےٹو” نے اس سال بھی جشنِ عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر خصوصی پروگرامز پیش کیے، جنہیں ناظرین نے بے حد سراہا۔ اسلام آباد اسٹوڈیوز سے پیش کیے گئے پروگراموں میں "بیٹھک” اور مشی خان کا مارننگ شو "کےٹو سحر” خاص طور پر قابل ذکر رہے۔
مشی خان کے شو میں معروف نعت خواں، ممتاز علما کرام اور اسلامی سکالرز شریک ہوئے۔ علما اور دانشوروں نے پیغمبر اسلام ﷺ کی حیاتِ طیبہ پر تفصیلی گفتگو کی اور مستند قرآنی حوالوں اور دلائل کی روشنی میں سیرت النبی ﷺ کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا۔
کےٹو ٹی وی نے جشن عید میلادالنبی ﷺ کی تیاریوں کے حوالے سے ایک خصوصی روڈ شو بھی نشر کیا۔ اس روڈ شو میں راولپنڈی اور قریبی نواحی علاقوں سے رپورٹنگ کی گئی، جہاں اسلامی جھنڈیوں اور دیگر آرائشی اشیا کی خریداری میں مصروف خواتین، حضرات اور بچوں سے دلچسپ بات چیت پیش کی گئی۔
یہ تمام پروگرامز نہ صرف عید میلادالنبی ﷺ کی روحانی فضاؤں کو مزید دلکش بنانے کا باعث بنے بلکہ عوام کو سیرتِ طیبہ کے حقیقی پیغام سے روشناس کرانے کا ذریعہ بھی ثابت ہوئے۔