سہ ملکی سیریز ، افغانستان نے متحدہ عرب امارات کو 38 رنز سے ہرادیا، 188 رنز کے جواب میں یو اے ای کی ٹیم نے 8 وکٹ پر 150 رنز بنائے، شاندار باولنگ پر شرف الدین اشرف میچ آف دی میچ قرار دیئے گئے ۔
شارجہ میں کھیلے گئے سہ ملکی سیریز کے تیسرے میچ میں متحدہ عرب امارات نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور افغانستان کو بیٹنگ کی دعوت دی ۔
افغانستان نے مقررہ اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 188 رنز بنائے جس میں ابراہیم زدران 63 اور صدیق اللہ اتل 54 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔
رحمان اللہ گرباز نے 7، درویش رسولی نے 10، عظمت اللہ عمرزئی نے 20 اور کریم جنت نے 23 رنز بنائے، متحدہ عرب امارات کی جانب سے محمد روہید اور ساغر خان نے دو ،دو وکٹیں حاصل کیں ۔
مقررہ ہدف کے تعاقب میں میزبان ٹیم نے آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز بنائے ،متحدہ عرب امارات کی جانب سے محمد وسیم نے شاندار 67 اور راہول چوپڑا نے 52 رنز بنائے ۔
افغانستان کی جانب سے راشد خان اور شرف الدین اشرف نے 3،3 جبکہ فضل حق فاروقی اور محمد نبی نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی، شرف الدین اشرف کو شاندار باؤلنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔