حالیہ موسلادھار بارشوں کے باعث آنے والے سیلابی ریلوں نے ضلع ہری پور کے مختلف علاقوں میں تباہی مچا دی، لورا چوک سے کوہالہ جانے والی مرکزی سڑک اور جبری کے مقام پر تعمیر شدہ پل مکمل طور پر ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گیا، جس کے باعث علاقے کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ۔
ہری پور(مہر سیماب) عینی شاہدین کے مطابق شدید بارش اور ندی نالوں میں طغیانی کے نتیجے میں سڑک کے بڑے حصے زمین بوس ہو گئے جبکہ پل بھی بہہ گیا ۔
انہوں نے کہا کہ مقامی آبادی کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے اور لوگ متبادل راستے استعمال کرنے پر مجبور ہیں ۔
اہم امر یہ ہے کہ متاثرہ سڑک چند سال قبل ہی دو ارب تیرہ کروڑ روپے کی خطیر لاگت سے تعمیر کی گئی تھی، لیکن حالیہ بارشوں میں ناقص معیارِ تعمیر کے باعث زیادہ دیر قائم نہ رہ سکی، عوامی حلقوں نے اس پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ سطحی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے ۔
مقامی لوگ حکومت سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ فوری طور پر ایمرجنسی بنیادوں پر متبادل راستے بحال کیے جائیں اور نقصان کے ازالے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں ۔