مانسہرہ کے علاقے ناران کے معروف سیاحتی مقام جھیل روڈ پر لینڈ سلائیڈنگ کا واقعہ پیش آیا، جس کے باعث متعدد گاڑیاں اور جیپس سڑک پر پھنس گئیں اور ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ۔
مانسہره: ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر بالاکوٹ کی سربراہی میں فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کی گئیں، ریسکیو اور دیگر محکموں کی بھاری مشینری بروقت موقع پر پہنچائی گئی اور لینڈ سلائیڈنگ سے پیدا ہونے والے ملبے کو ہنگامی بنیادوں پر صاف کیا گیا ۔
انتظامیہ کے مطابق سڑک کو مکمل طور پر ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا اور پھنسے ہوئے سیاحوں کی گاڑیوں کو محفوظ طریقے سے نکال لیا گیا۔ کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ۔
ضلعی انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ پہاڑی علاقوں میں سفر کرتے وقت احتیاط برتیں اور موسمی پیشگوئیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے سفر کا پلان بنائیں ۔
کاغان ڈیویلپمنٹ اتھارٹی نے جھیل روڈ ناران پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث پھنسے 25 جیپ اور 150 سیاحوں کو ریسکیو کرنے کے لیے فوری ایکشن لیا ۔
سیاحتی مقام ناران میں مون سون بارشوں کی وجہ سے جھیل روڈ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بند ہو گئی تھی جس کی وجہ سے 25 جیپوں میں سوار تقریباً 150 سیاح پھنس گئے تھے ۔