تربیلا ڈیم میں پانی ذخیرہ کرنے کا عمل مکمل ہوگیا ہے اور ڈیم اپنی مقررہ گنجائش کے مطابق بھر چکا ہے۔ واپڈا کے ترجمان کے مطابق تربیلا ڈیم کے اسپل وے مسلسل ساتویں روز بھی کھلے رہیں گے تاکہ پانی کے بہاؤ کو قابو میں رکھا جا سکے۔
ہری پور تربیلا ڈیم میں اس وقت پانی کی آمد دو لاکھ اٹھسٹھ ہزار تین سو کیوسک ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ اخراج دو لاکھ انتالیس ہزار کیوسک ہے۔ ڈیم انتظامیہ کے مطابق تربیلا ڈیم کی زیادہ سے زیادہ گنجائش پندرہ سو پچاس فٹ ہے۔ انتظامیہ نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ اگر بالائی علاقوں سے مزید سیلابی ریلے آئیں تو ڈیم سے پانی کے اخراج میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ دریائے سندھ میں تربیلا کے مقام پر اس وقت نچلے درجے کا سیلاب موجود ہے۔
ڈیم انتظامیہ کے مطابق ہری پور تربیلا ڈیم کے اسپل وے ساتویں روز بھی کھلے ہوئے ہیں جبکہ ضلعی انتظامیہ نے حفاظتی اقدامات کے تحت دریاؤں کے کنارے سیاحوں کے جانے پر پابندی عائد کردی ہے۔
واپڈا کے ترجمان نے مزید بتایا کہ دریائے جہلم میں پانی کی آمد 38 ہزار 600 کیوسک اور اخراج 7 ہزار کیوسک ہے۔ چشمہ بیراج میں پانی کی آمد 4 لاکھ 3 ہزار 500 کیوسک جبکہ اخراج 3 لاکھ 51 ہزار 600 کیوسک ہے۔ اسی طرح دریائے چناب میں پانی کی آمد 67 ہزار 600 کیوسک اور اخراج 49 ہزار کیوسک ہے۔ دریائے کابل میں پانی کی آمد اور اخراج دونوں 44 ہزار 600 کیوسک ریکارڈ ہوئے ہیں۔
ترجمان کے مطابق منگلا ڈیم میں اس وقت پانی کا ذخیرہ 54 لاکھ 23 ہزار ایکڑ فٹ ہے، جبکہ چشمہ بیراج میں 94 ہزار ایکڑ فٹ پانی موجود ہے۔ مجموعی طور پر تربیلا، منگلا اور چشمہ ڈیموں میں پانی کا ذخیرہ ایک کروڑ 12 لاکھ 45 ہزار ایکڑ فٹ تک پہنچ گیا ہے۔