ایران نے صبح سویرے اسرائیل پر اب تک کا سب سے بڑا حملہ کرتے ہوئے 100 کے قریب میزائل داغ دیے جس میں 5 اسرائیلی ہلاک جبکہ 100 سے زائد زخمی ہوگئے ، اسرائیل کے کئی علاقوں میں متعدد عمارتیں تباہ ہوگئیں اور کئی علاقے تاریکی میں ڈوب گئے ۔
ایرانی میڈیا کے مطابق حیفہ میں ایران کے میزائل حملوں میں پاور پلانٹ میں آگ لگ گئی ، حیفہ پاور پلانٹ پر میزائل حملے کے نتیجے میں وسطی اسرائیل میں بجلی بند ہو گئی ۔
ایران نے صبح سویرے اسرائیل پر پھر میزائلوں کی برسات کردی، ایران نے اسرائیل میں تقریبا 100 میزائل داغے، حیفہ، تل ابیب اور مقبوضہ بیت المقدس کو نشانہ بنایا گیا ہے ۔
ایرانی میزائل اسرائیلی کے دفاعی نظام سے بچتے ہوئے شہروں کے اندر تک گئے اور کئی عمارتوں سے ٹکرائے، اسرائیل کے متعدد شہر دھماکوں سے گونج اٹھے، مقبوضہ بیت المقدس میں بھی میزائل گرے، اسرائیل کا شہر حیفہ دھماکوں سے گونج اٹھا، حیفہ پاور پلانٹ میں ایرانی میزائل حملے کے بعد آگ بھڑک اٹھی، ایران نے ایلات پر بھی میزائل داغے، تل ابیب میں بھی درجنوں میزائل داغے گئے ۔
اسرائیلی ایمرجنسی سروسز کے مطابق شمالی اور وسطی اسرائیل میں میزائل اور ان کے ٹکڑے گرنے سے کم از کم 67 افراد زخمی ہو گئے ۔
دوسری جانب ایرانی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی حملوں میں اب تک 224 افرادشہید ہو چکے ہیں جن میں ایرانی فوج کے اعلیٰ افسران اور سائنسدان بھی شامل ہیں ۔
ایرانی وزارت صحت کا مزید بتانا تھا کہ اسرائیلی حملوں میں شہیدہونے والوں میں 90 فیصد عام شہری ہیں ۔