ہری پور: تربیلا ڈیم میں بارشوں کی کمی کے باعث پانی کی آمد میں مسلسل کمی ریکارڈ کی جا رہی ہے پانی کی سطح روز بروز کم ہوتی جا رہی ہے، جس کے بعد ملک میں بجلی کی پیداوار میں کمی اور لوڈشیڈنگ میں اضافے کا خدشہ ہے ۔
ترجمان واپڈا کے مطابق تربیلا ڈیم میں پانی کا موجودہ لیول 1450.85 فٹ ریکارڈ کیا گیا ہے جو کہ ڈیڈ لیول سے صرف 48 فٹ بلند ہے ۔
ترجمان کے مطابق ڈیم میں پانی کی آمد 177400 کیوسک جبکہ اخراج 151800 کیوسک ہے، پانی کی کم آمد کے باوجود تربیلا ڈیم کے تمام 17 پیداواری یونٹس فعال ہیں اور ان سے اس وقت 1413 میگاواٹ بجلی پیدا کی جا رہی ہے ۔
تربیلا ڈیم کی کل پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش 1550 فٹ ہے جبکہ اس کا ڈیڈ لیول 1402 فٹ ہے، ڈیم میں لگے 17 پیداواری یونٹس مجموعی طور پر 4888 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔
محکمہ آبپاشی اور توانائی کے ماہرین نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر بارشوں کی صورتحال بہتر نہ ہوئی تو نہ صرف ڈیم میں پانی کی سطح مزید کم ہو سکتی ہے بلکہ بجلی کی پیداوار بھی متاثر ہونے اور لوڈشینگ میں اضافے کا بھی امکان ہے ۔