محکمہ موسمیات کی جانب سے ملک کے مختلف حصوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے جبکہ بالائی علاقوں میں چند مقامات پر ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اور اس کے گردونواح میں آج موسم گرم اور خشک رہے گا۔ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع پشاور، مردان، سوات اور کوہاٹ میں بھی گرمی کی شدت برقرار رہنے کی توقع ہے۔
پنجاب کے بیشتر اضلاع، خصوصاً لاہور، فیصل آباد، ملتان اور بہاولپور میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔ سندھ کے بیشتر علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے، جہاں درجہ حرارت میں مزید اضافے کا امکان ہے۔ کراچی، سکھر، لاڑکانہ اور حیدرآباد میں شدید گرم اور خشک موسم کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ بلوچستان کے زیادہ تر اضلاع جن میں کوئٹہ، تربت، خضدار اور چمن شامل ہیں، میں بھی موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب کشمیر اور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا، جہاں چند مقامات پر ہلکی بارش یا بوندا باندی کی توقع ہے، جو گرمی کی شدت میں کچھ کمی لا سکتی ہے۔