وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں فحاشی کے خلاف ایک بڑے اور جرات مندانہ کریک ڈاؤن کے دوران پولیس نے دو مختلف مساج سینٹرز پر چھاپے مار کر کل 22 افراد کو گرفتار کر لیا، جن میں مرد و خواتین شامل ہیں۔
یہ کاروائیاں ایس ڈی پی او مارگلہ ٹاؤن ڈی ایس پی محمد خان کی نگرانی میں کی گئیں، پولیس ذرائع کے مطابق پہلا چھاپہ سیکٹر ایف-8 میں واقع فردوس مساج سینٹر پر مارا گیا جہاں سے سات مرد اور سات عورتیں رنگے ہاتھوں پکڑی گئیں، جو مبینہ طور پر فحاشی میں ملوث تھے۔
دوسرا چھاپہ سیکٹر جی-8 میں واقع دی سیلون مساج سینٹر پر مارا گیا جہاں چار مرد اور چار عورتیں زیر حراست لی گئیں۔ یہ کاروائی نہ صرف ان مخصوص مراکز کے خلاف ایک بڑا اقدام ہے بلکہ اسلام آباد بھر میں موجود دیگر مشکوک مساج سینٹرز کے لیے ایک سخت وارننگ بھی ہے۔
ڈی ایس پی محمد خان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کو بے حیائی کے اڈوں سے پاک کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ ہم کسی بھی قیمت پر ایسے غیر قانونی مراکز کو برداشت نہیں کریں گے۔” شہری حلقوں اور سوشل میڈیا پر اس آپریشن کو سراہا جا رہا ہے اور ڈی ایس پی محمد خان کو ایک دبنگ اور نڈر پولیس افسر کے طور پر خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔ پولیس نے گرفتار افراد کے خلاف فحاشی، عوامی بے حیائی اور دیگر متعلقہ دفعات کے تحت مقدمات درج کر لیے ہیں جبکہ مزید مساج سینٹرز کی نگرانی اور چھاپوں کی منصوبہ بندی جاری ہے۔