وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور طوفانی ژالہ باری نے موسم کوسرد کردیا۔
جڑواں شہروں میں شدید اولوں کی بارش سے کئی گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور گاڑیوں پر ڈینٹ پڑ گئے جبکہ کالی گھٹاؤں نے دن کو رات میں بدل دیا۔ بلیو ایریا سمیت شہر کے دیگر علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش اور ژالہ باری کا سلسلہ جاری رہا جس سے گزشتہ تین روز سے جاری گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم سہانا ہوگیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے 20 اپریل تک اسلام آباد، راولپنڈی اور بالائی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے اور اس دوران آندھی، جھکڑ اور مزید ژالہ باری بھی متوقع ہے۔ راولپنڈی اور ملحقہ علاقوں میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ریکارڈ کی گئی۔ شہریوں نے موسم کی اس تبدیلی کو سراہا تاہم گاڑیوں کو ہونے والے نقصان نے کئی افراد کو پریشان کردیا۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے کیونکہ طوفانی ہواؤں اور ژالہ باری سے مزید نقصان کا خدشہ ہے۔