بھمبر میں جماعت اسلامی آزاد کشمیر و گلگت بلتستان کے زیر اہتمام عظیم الشان غزہ مارچ اور القدس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی ۔
کانفرنس میں فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف بھرپور آواز بلند کی گئی ۔
جماعت اسلامی آزاد کشمیر و گلگت بلتستان کے امیر ڈاکٹر محمد مشتاق خان نے بھمبر میں غزہ مارچ و القدس کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امت مسلمہ ایک جسم کی مانند ہے اور کشمیری قوم فلسطینی بھائیوں کے دکھ کو اپنا دکھ سمجھتی ہے۔
انہوں نے او آئی سی اور اسلامی ممالک کے حکمرانوں کو بزدل قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ امریکہ اور آئی ایم ایف سے خوفزدہ ہو کر خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں ۔
کانفرنس میں فلسطینی رہنما اسمر عدنان، ملی یکجہتی کونسل کے صدر مولانا امتیاز صدیقی، اسلامی جمعیت طلبہ کے ناظم احتشام الحسن، امیر ضلع بھمبر ڈاکٹر عطا اللہ قاسمی سمیت کئی مذہبی و سیاسی قائدین نے خطاب کیا۔
مقررین نے اسرائیلی مظالم کی مذمت کرتے ہوئے فلسطینیوں کی جدوجہد کو امت مسلمہ کی بقا کی جنگ قرار دیا،غزہ مارچ میں عوام کا جوش و جذبہ دیدنی تھا ۔