راولپنڈی میں شہریوں کو اغوا کر کے تاوان وصول کرنے والا منظم گروہ پکڑا گیا۔
پولیس کے مطابق گروہ میں پولیس یونیفارم پہن کر جرائم کرنے والے ملزمان کے ساتھ خواتین بھی شامل ہیں جبکہ شکریال کے رہائشی محمد سلیم کی درخواست پر گروہ کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ گروہ نے 11 مارچ کو ایک دکان کے مالک کو اغوا کیا اور اس کے اکاؤنٹ سے 5 لاکھ روپے مختلف نمبروں پر منتقل کروائے۔
ملزمان نے دکان میں داخل ہو کر خود کو تھانہ صادق آباد کے پولیس اہلکاروں کے طور پر متعارف کروایا اور دکان سے 60 ہزار روپے نقد چھین لیے جبکہ مالک کی جیب سے بھی رقم نکال لی۔
مغوی کو رہا کرنے سے قبل ملزمان نے اس کے ساتھ ایک لڑکی بٹھا کر ویڈیو بنائی اور دھمکی دی کہ اگر یہ معاملہ کسی کو بتایا گیا تو ویڈیو وائرل کر دی جائے گی۔ پولیس نے مقدمہ درج کرنے کے بعد ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ باقی ساتھیوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔