آسٹریلیا نے انگلینڈ کی جانب سے دیا گیا 352 رنز کا ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر 48 ویں اوور میں حاصل کرکے چمیپیئنز ٹرافی کی تاریخ کا سب سے بڑا ہدف حاصل کرلیا ۔
لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، انگلینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 351 رنز بنائے ، جس میں بین ڈکٹ 165 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر نمایاں رہے، جو روٹ 68، کپتان جوس بٹلر 23 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔
انگلینڈ کی جانب سے عادل راشد، لیام لونگسٹن، مارک ووڈ، جوفرا آرچر اور برائڈن کارس نے 1، 1 وکٹ حاصل کی ۔
مقررہ ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کی جانب سے وکٹ کیپر بیٹر جوش انگلس نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 86 گیندوں میں 120 رنز ناٹ آؤٹ سکور کر کے ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا ،ایلکس کیرے 69، میتھیو شارٹ 63، مارنس لبوشین 47 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔
آسٹریلیا کی جانب سے بین ڈوارہوس نے 3 جبکہ ایڈم زمپا اور مارنس لبوشین نے 2، 2 اور گلین میکسویل نے 1 وکٹ حاصل کی ۔
انگلینڈکو شکست دے کر آسٹریلیا کی ٹیم ٹورنامنٹ کی تاریخ میں 350 سے زائد کا ہدف عبور کرنے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے ،اس کے علاوہ انگلینڈ اور آسٹریلیا نے ٹورنامنٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا مجموعہ بنا دیا، لاہور میں کھیلےگئے میچ میں دونوں ٹیموں نے مشترکہ طور پر 707 رنز سکور کیے ۔
چیمپئنز ٹرافی کی تاریخ میں انگلینڈ 350 رنز بنانے والی پہلی ٹیم بنی جب کہ آسٹریلیا کی ٹیم ٹورنامنٹ کی تاریخ میں 350 سے زائد کا ہدف عبور کرنے والی پہلی ٹیم بن گئی ۔