لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے تھانہ مناواں میں درج مقدمے میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کردیے۔
وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کے خلاف کاہنہ جلسے کے دوران گاڑیوں کے شیشے توڑنے پر پولیس نے سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔
ستمبر میں علی امین گنڈا پور کے خلاف لاہور کے تھانہ مناواں میں مقدمہ درج کیا گیا تھا جس میں انسداد دہشت گردی ایکٹ، اقدام قتل سمیت 13 دفعات لگائی گئی تھیں۔
درج ایف آئی آر متن کے مطابق سیالکوٹ انٹرچینج پر علی امین اسلحہ سے لیس ایک جتھے کی قیادت کررہےتھے، ان کے کہنے پر ٹال پلازہ پرکھڑی گاڑیوں کو آگ لگانے کی کوشش کی گئی اور مسلح جھتے نے اے کے 47 کے ذریعے پولیس مزاحمت بھی کی۔
ایف آئی آر میں کہا گیا کہ علی امین گنڈا پور کے ساتھ آنے والے لوگوں نے2 پولیس والوں کو بھی زخمی کیا اور ان کے کہنے پر ٹال پلازہ پر گاڑیوں کے شیشے توڑے گئے۔