پنجاب بھر میں دھند کے باعث مختلف ائیرپورٹس کا فلائٹ آپریشن شدید متاثر ہے جس کی وجہ سے گیارہ پروازیں منسوخ کردی گئیں۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق 11 پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں اور 3 کو متبادل ائیرپورٹس پر اتارا گیا جبکہ 53 پروازیں تاخیر کا شکار بھی ہوئیں۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ کراچی سے فیصل آبادکی 2 پروازیں، لاہور کوئٹہ کی 2 پروازیں، جدہ سے لاہور کی پرواز، مسقط سے سیالکوٹ کی 2 پروازیں اور اسلام آباد گلگت کی 4 پروازیں بھی مسنوخ کردی گئیں۔
دوحہ سے ملتان کی پرواز کو اسلام آباد ائیرپورٹ پر اتارا گیا اور بعد میں موسم ٹھیک ہونے پر پرواز کو واپس ملتان لایا گیا، جدہ سے لاہور کی پرواز کو بھی اسلام آباد اتار لیا گیا جبکہ دمام سے سیالکوٹ کی پرواز لاہور ائیرپورٹ پر اتارا گیا۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق لاہور سے کوالالمپور کی پرواز،لاہور سے بینکاک کی پرواز بھی آج صبح تک ٹیک آف نہ کرسکی جبکہ کراچی اسلام آباد کے مابین 7 پروازیں تاخیر کا شکار ہیں۔
کراچی لاہور کی 5 پروازیں بھی تاخیر کا شکار ہیں، لاہور ائیرپورٹ پر آمد و روانگی کی 19 پروازیں تاخیر کا شکار ہیں جب کہ لاہور سے دبئی اور ابوظبی کی 3 پروازوں کی روانگی میں 6 گھنٹے سے زائد کی تاخیر ہوئی ہے۔