ہری پور پولیس نے یونیورسٹی آف ہری پور میں حادثات کی روک تھام اور ٹریفک قوانین کی آگاہی کے لیے ایک سیشن کا انعقاد کیا۔
ذرائع کے مطابق اس سیشن میں ڈی پی او ہری پور فرحان، ڈی ایس پی ٹریفک شہزادی نوشاد گیلانی، انچارج ٹریفک الیاس فرید، اور انچارج پولیس ڈرائیونگ ٹریننگ سکول حنا امداد نے شرکت کی۔ انچارج پولیس ڈرائیونگ ٹریننگ سکول نے طلباء کو حادثات کی روک تھام اور ٹریفک قوانین سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
ڈی پی او ہری پور نے طلباء سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دوران ڈرائیونگ روڈ سیفٹی اور سیکیورٹی کا خاص خیال رکھیں، اور صبر و تحمل سے ٹریفک کے اصولوں کے مطابق گاڑی چلائیں۔ انہوں نے سیٹ بیلٹ اور ہیلمٹ کے استعمال کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ ٹریفک قوانین کی عملداری سے ہی حادثات پر مؤثر قابو پایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ منظم ٹریفک کسی بھی مہذب معاشرے کی عکاسی کرتی ہے اور ٹریفک قوانین کی پاسداری حادثات پر مؤثر قابو پانے کا ضامن ہے۔
ہری پور پولیس نے طلباء کو ٹریفک قوانین اور حادثات کی روک تھام کے لیے مزید سیشنز کا آغاز کیا ہے، جبکہ طلباء کے لیے ڈرائیونگ لائسنس کے حصول میں آسانی کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
بعد ازاں، یونیورسٹی آف ہری پور میں جاری مختلف پروگرامز میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء میں سرٹیفکیٹس اور انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔