مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ اتنی تضحیک کرنے کے بعد پی ٹی آئی کو مولانا کے در پر حاضر ہونا ہی پڑا۔
سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں خواجہ سعدرفیق کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان عالم دین اور دانشمند سیاسی رہنما ہیں، مولانا فضل الرحمان کے مؤقف سے اختلاف کیا جا سکتا ہے لیکن ان کے احترام سے نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف نے مولانا پر بہت بہتان لگائے اور گالیاں دیں لیکن آج پی ٹی آئی کو ان کے در دولت پر حاضر ہونا ہی پڑا۔ پی ٹی آئی پر مزید تنقید کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ہرکہی بات منہ پر ہی آتی ہے، لہذا اسی قدر کہا جائے جتنا برداشت کر سکیں۔
سعد رفیق کا مزید کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے سیاسی برادری پرحملے کے بجائے مکالمہ کیا ہوتا تو آج یہ دن نہ آتا۔ اب وفاق میں حکومت سازی کیلئے پی ٹی آئی زرداری کے در پر حاضری دے کریوٹرن لےگی۔