ملک کے بالائی علاقوں میں دو روز سے شدید برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ آزاد کشمیر کی وادی نیلم میں برفانی تودے تلے دب کر 3 نوجوان جاں بحق ہوگئے۔
وادی نیلم میں برفانی تودے تلے دب کرجاں بحق ہونے والے تین نوجوانوں کی لاشوں کی تلاش کام آج پھر شروع کیا جائے گا۔ پہاڑی علاقے دودگئی میں گزشتہ رات سرچ آپریشن روک دیا گیا تھا۔
انچارج ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی اخترایوب کے مطابق وادی میں مسلسل برفباری جاری ہے، دودگئی میں گزشتہ رات سرچ آپریشن روک دیا گیا تھا، لاشوں کی تلاش کا کام آج دوبارہ شروع کیا جائے گا۔ موبائل سگنل نہ ہونےکی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے۔
دوسری جانب بالائی وادی نیلم کی گریس ویلی میں ایک فٹ برف پڑچکی ہے۔ سرداری، اڑنگ کیل، سرگن جاگراں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے ۔ برفباری سے وادی نیلم، وادی لیپہ سمیت دیگرعلاقوں کی متعدد رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں۔ بارش کا سلسلہ دو مارچ تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
سکردو میں گزشتہ رات سے جاری مسلسل برف باری نے نظام زندگی کو مفلوج کردیا۔ برفباری کی وجہ سے بالائی علاقوں کے راستے بند ہوگئے۔ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے اجتناب کا الرٹ جاری کردیا گیا۔ برفباری کے باعث سکردو اسلام آباد کی پرواز منسوخ کردی گئی۔
سوات کی وادی کالام میں بھی آج دوسرے روز برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ ہرسو سفیدی چھاگئی ۔ دو روزکے دوران کالام میں ایک فٹ سے زائد برف پڑچکی ہے، برف باری کا سلسلہ مزید 3روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
مانسہرہ اور گردونواح میں بارشِ اور بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ سیاحتی مقامات شوگراں کاغان ناراں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، شوگراں میں دو انچ اور کاغان میں چار انچ سے زائد برفباری ہوئی۔
ملکہ کوہسار مری میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ خراب موسم کے باعث بجلی کی آنکھ مچولی بھی جاری ہے۔ محکمہ موسمیات نے مری اور گلیات میں مزید بارش اور برفباری کا امکان ظاہر کیا ہے۔
وفاقی دارالحکومت اور جڑواں شہر راولپنڈی میں وقفےوقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ موسم ہی خوشگوار نہیں ہوا شہراقتدار کا حسن بھی نکھر گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق رواں ہفتے کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش اور برفباری جاری رہے گی۔