کروڑوں دلوں پر راج کرنے والی ملکہ برطانوی شہزادی لیڈی ڈیانا کو دنیا سے رخصت ہوئے 27 برس بیت گئے۔
لیڈی ڈیانا یکم جولائی 1961 کو برطانیہ میں پیدا ہوئیں، 29 جولائی 1981 کو لیڈی ڈیانا کی برطانیہ کے ولی عہد شہزادہ چارلس کے ساتھ شادی ہوئی۔
ڈیانا کی شہرت کا سورج شہزادہ چارلس سے منگنی کے بعد طلوع ہوا اورپھر شادی سے شاہی سفر کا آغاز کیا تو لوگوں نے اسے خوشیوں اور خوابوں کے سفر سے تعبیر کیا.
شہزادہ چارلس اور لیڈی ڈیانا کے ہان دو بیٹوں شہزادہ ولیم اور شہزادہ ہیری کی ولادت ہوئی۔
تاہم بدقسمتی سے لیڈی ڈیانا اور پرنس چارلس کی ازدواجی زندگی زیادہ دیر نہیں چل پائی اور شادی کے 16 سال بعد 1996 میں طلاق ہوگئی۔
طلاق کے بعد لیڈی ڈیانا نے اپنی ذاتی زندگی کی ناچاکیوں سے دل برداشتہ ہو کر خود کو فلاحی سرگرمیوں میں مصروف کر لیا۔
31 اگست 1997 کو لیڈی ڈیانا پیرس کے ایک ہوٹل سے اپنے ایک دوست کے ساتھ روانہ ہوئی، تاہم وہ منزل تک نہ پہنچ سکی، ان کی گاڑی ایک حادثے کا شکار ہوئی۔ اس حادثے میں لیڈی ڈیانا اور ان کے دوست جان کی بازی ہار گئے۔ڈیانا کی آخری رسومات کو دنیا بھر میں کروڑوں لوگوں نے براہ راست دیکھا۔
لیڈی ڈیانا اپنی خوبصورت شخصیت کے باعث طلاق کے بعد بھی مقبول رہی،ان کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ دنیا میں سب سے زیادہ تصاویر لیڈی ڈیانا کی کھینچی گئی ہیں۔
طلاق کے بعد لیڈی ڈیاناکے ایک مصری ارب پتی اور پاکستانی ڈاکٹر کےساتھ دوستی کی خبریں بھی سامنے آتی رہیں تاہم اس کی تصدیق نہیں ہوسکی۔
شہزادی ڈیانا فلاحی کاموں کے سلسلے میں پاکستان بھی آئیں۔