پشاور زلمی نے حیدرآباد کنگز مین کو 5 وکٹ سے شکست دے کر پی ایس ایل 11 کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا، پشاور زلمی نے دوسری بار ٹرافی جیتی، حیدر آباد کے 130 رنز کا ہدف پشاور نے 5 وکٹ کے نقصان پر حاصل کرکے کامیابی اپنے نام کی ۔
لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے گئے پی ایس ایل 11 کے فائنل میچ میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر حیدرآباد کنگزمین کو بیٹنگ کی دعوت دی ۔
حیدرآباد کنگزمین کی پوری ٹیم 18 اوور میں 129 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، صائم ایوب سب سے زیادہ 54 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے، کپتان مارنوس لبوشین 20 اور معاذ صداقت نے 11 رنز بنائے،حسان خان 12 ، عرفان نیازی اور کوسال پریرا نے ایک ایک رن بنائے،گلین میکسویل صفرپر آؤٹ ہوئے، حنین شاہ 9 رنز بناسکے ۔
پشاور زلمی کی جانب سے ایرون ہارڈی نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں،ناہید رانا نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔
130 رنز ہدف کے تعاقب میں پشاور زلمی کی ابتدائی وکٹیں جلد گریں، کپتان بابر اعظم صفر پر آؤٹ ہوئے، محمد حارث نے 6 اور کوسال مینڈس نے 9 رنز بنائے، بریسویل بھی 4 رنز بناسکے ۔
زلمی کی ٹیم دباو میں آنے کے بعد ایرون ہارڈی نے بولنگ کے بعد شاندار بیٹنگ بھی کی اور 56 رنز بناکر ناقابل شکست رہے،عبدالصمد نے 48 رنز کی اننگز کھیلی اور ٹیم کو فتح دلوانے میں اہم کردار ادا کیا ۔
پشاور زلمی نے 130 رنز کا ہدف 16ویں اوور میں 5 وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا، حیدرآباد کنگز مین کی جانب سے محمد علی نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔
پشاور زلمی کے ایرون ہارڈی شاندار آل راونڈ کارکردگی پر میچ اور پشاور ہی کے سفیان مقیم کو شاندار بولنگ پر ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے ۔
قذافی سٹیڈیم میں ہاؤس فل رہا، ٹاس سے قبل رنگا رنگ اختتامی تقریب ہوئی جس میں ملک کے نامور گلوکاروں عاطف اسلم ، علی عظمت، عارف لوہار، آئمہ بیگ اور صابری سسٹرز نے اپنی پرفارمنس سے شائقین کو محظوظ کیا ۔
وزیراعظم شہبازشریف بھی سٹیڈیم آئے تھے جہاں انہوں نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں سے ملاقات بھی کی، اس موقع پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی بھی موجود تھے ۔


