آئی ایس پی آر کے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 12 اور 13 نومبر کی رات سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے بلگتار میں دہشتگردوں کی موجودگی کی حفیہ اطلاع پر آپریشن کیا۔
آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، ہلاک دہشت گردوں میں انتہائی مطلوب دہشت گرد اور گینگ کا سرغنہ ثنا عرف بارو بھی شامل ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد ثنا عرف بارو ضلع کیچ میں نام نہاد مجید بریگیڈ کیلئے بھرتیاں کرتا تھا، جو خودکش بمباروں کا مرکزی ایجنٹ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو انتہائی مطلوب تھا۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ہلاک دہشت گردوں سے ہتھیار اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر نے یہ بھی کہا ہے کہ علاقے میں کسی ممکنہ دہشت گرد کی موجودگی پر کلیئرنس آپریشن جاری ہے، سیکیورٹی فورسز بلوچستان کا امن، استحکام اور ترقی سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔