کشمیری حریت رہنما اور جموں کشمیر لبریشن فرنٹ (جے کے ایل ایف) کے چیئرمین محمد یاسین ملک کی 59ویں سالگرہ آج 3 اپریل 2025 کو منائی جا رہی ہے۔ وہ اس وقت دہلی کی تہاڑ جیل میں عمر قید کی سزا کاٹ رہے ہیں اور کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کی علامت سمجھے جاتے ہیں۔
یاسین ملک کو 2022 میں ایک مبینہ دہشت گردی فنڈنگ کیس میں سزا سنائی گئی تھی، جسے ان کے حامی جھوٹا اور سیاسی انتقام پر مبنی قرار دیتے ہیں۔ اس فیصلے کے بعد سے وہ جیل میں قید ہیں۔
یاسین ملک کی سالگرہ پر سوشل میڈیا پر اُن کے چاہنے والوں اور کشمیری عوام کی جانب سے محبت بھرے پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔ ان پیغامات میں ان کی رہائی کا مطالبہ اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
یاسین ملک کی اہلیہ، مشعال حسین ملک، ماضی میں بھی ان کی صحت اور رہائی کے لیے مسلسل آواز اٹھاتی رہی ہیں۔ آج کے دن انہوں نے ایک جذباتی پیغام جاری کرتے ہوئے کہا:
"محمد یاسین ملک کو سالگرہ مبارک، جو دنیا کے سب سے بہادر انسان ہیں! آپ نے صبر، یقین، عظیم قربانیوں اور بے لوث محبت سے لاکھوں دلوں کو متاثر کیا ہے۔”
انہوں نے مزید کہا:
"میں آپ کو ظلم، غلامی، ناانصافی اور تکلیف کے خلاف ایک اور سال جینے پر مبارکباد دیتی ہوں۔ آپ کی ہمت اور حوصلہ ہمیشہ ہماری طاقت رہے گا، اور ہمیں آپ پر فخر ہے۔”
یاسین ملک کے حامیوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے کشمیر کی آزادی کے لیے اپنی پوری زندگی وقف کر دی ہے اور ان کی قربانیوں کو تاریخ کبھی فراموش نہیں کرے گی۔