بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی وفاق میں گلگت بلتستان کے مسائل کو ہر فورم پر اٹھائے گی۔
پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا پیپلزپارٹی گلگت بلتستان کے صدر اور رکن اسمبلی امجد حسین ایڈووکیٹ سے ملاقات کے موقع پر کہنا تھا کہ پی پی کو جب بھی وفاق میں اقتدار ملا گلگت بلتستان کو حقوق کی فراہمی میں پیشرفت ہوئی اور جی بی کے آیئنی حقوق کا مسلہ بھی پی پی ہی حل کرے گی۔
اس موقع پر امجد ایڈووکیٹ نے پارٹی چیئرمین کو علاقے کی سیاسی صورتحال اور حکومت کی کارکردگی سے آگاہ کیا ۔امجد ایڈووکیٹ نے بلاول بھٹو کو بتایا کہ پیپلزپارٹی مرکزی قیادت کے حکم پر گلگت بلتستان حکومت کا حصہ بنی ہے اور اپنی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے عوامی مسائل کے حل میں اپنا کردار ادا کررہے ہیں۔
بلاول کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت پی پی حکومت کی صرف اتحادی ہے تمام امور ن لیگ اور اس کے نامزد کردہ وزیراعظم چلارہے ہیں پی پی جمہوری نظام کو برقرار رکھنے کے لئے حکومت کی حمایت کررہی ہے، بلاول بھٹو نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئندہ جب مرکز میں پی پی کی حکومت قائم ہوگی تو گلگت بلتستان کے آئینی حقوق کے مسئلے کا بھی حل نکالا جائے گا۔
اس موقع پر امجد ایڈووکیٹ نے بلاول بھٹو کو حالیہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات سے بھی آگاہ کیا جس پر بلاول نے یقین دہانی کرائی کہ جی بی کے متاثرین سیلاب کی امداد کا معاملہ وہ وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ اٹھائیں گے۔