اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی نے پھر سر اٹھایا ہے، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری ہے ،افواج پاکستان،پولیس کےجوان روزانہ شہادتیں دے رہےہیں، امن قائم ہونےتک ترقی کا خواب شرمندہ تعبیرنہیں ہوگا ۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کابینہ میں توسیع کے بعد یہ پہلا اجلاس ہے، کابینہ میں نئے ارکان کی شمولیت سے کارکردگی مزید بہتر ہوگی، پاکستان کی ترقی و خوشحالی کا جو بیڑہ ہم نے اٹھایا ہے اس میں سب برابر کے شریک ہیں۔ہمیں ترقی کی جانب دوڑ لگانی ہوگی، امید ہے پاکستان کی ترقی کے لیے آپ شبانہ روز محنت کریں گے ۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ مجھے یقین کامل ہے کہ نئے وزرا دن رات کاوشیں کرکے اپنی اپنی وزارتوں میں خوشحالی کا انقلاب لے کر آئیں گے، ریلوے کی مکمل ٹرانفارمیشن چاہیے، شعبہ بحری امور میں بے پناہ صلاحیت ہے ۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ آئی ایم ایف کی معاونت اور آپ کی محنت سے میکرو اکنامک استحکام آیا، ابھی تک معاملات تسلی بخش اور اچھے طریقے سے آگے بڑھ رہے ہیں، آئی ایم ایف پروگرام پاکستان کی ترقی کے لیے اہم ہے ۔
وزیراعظم نے کہا کہ اب ہر سہ ماہی میں وزارتوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائےگا، وزارتوں کی کارکردگی سے متعلق قوم کو آگاہ کیاجائےگا، ہم عوام کے نمائندے ہیں اور عوام کی خدمت کرنے آئے ہیں، ہر تیسرے ماہ ایک جائزہ ہوا کرے گا اور اس کے نتائج آپ کے سامنے پیش کیے جائیں گے ۔
وزیراعظم نے کہاکہ رواں ماہ اچھی خبر آئی ہے کہ ترسیلات زر 3.1 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہیں، ہمیں اپنی برآمدات کو بھی اس سے زیادہ رفتار سے آگے بڑھانا ہے، اب ہر ہفتے میں ایک یا دو وزارتوں کو دعوت دوں گا، جہاں آپ تیاری کرکے آئیں گے اور ہر اجلاس میں ہم فیصلے کیا کریں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ 190 ملین پاؤنڈ سے اسلام آباد میں ایک جدید یونیورسٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس یونیورسٹی میں اپلائیڈ سائنسز، آئی ٹی، اے آئی اور ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ کی تعلیم دی جائے گی اور دنیا بھر سے بہترین اساتذہ لائے جائیں گے، ہم نے طے کیا ہے کہ 14 اگست 2026 کو اس یونیورسٹی کے پہلے سیکشن کا آغاز ہوگا، اس جامعہ کانام ’دانش یونیورسٹی‘ ہوگا۔