واه کينٹ میں ریلوے ٹریک پر کھیلنے والے 3 بچے ٹرین کی زد میں آگئے، 2 بچے موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک بچہ شدید زخمی ہوگیا ، جاں بحق ہونے والوں میں ایک بچی اور ایک بچہ شامل ہے ، جبکہ ایک بچی زخمی ہوئی ہے ۔
واہ کینٹ کے علاقے میں ریلوے ٹریک پر افسوس ناک حادثہ اس وقت پیش آیا جب 3 بچے آپس میں کھیل رہے تھے کہ اس دوران تیز رفتار ٹرین کی زد میں آگئے ۔
پولیس کے مطابق پشاور سے راولپنڈی جانے والی عوام ایکسپریس کی زد میں آ گئے ،جاں بحق بچوں کی شناخت لبابہ عادل دختر محمد زمان، عمر 4 سال اور محمد ریحان ولد رحیم زمان کے ناموں سے ہوئی ۔
پولیس نے بتایا کہ زخمی ہونے بچی کی شناخت خدیجہ دختر محمد زمان، عمر 5 سال کے نام سے ہوئی اور وہ 27 ایریا واہ کینٹ کی رہائشی ہے ۔
زخمی بچی کو جنرل ہسپتال واہ کینٹ اور جاں بحق بچوں کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے ٹی ایچ کیو ہسپتال ٹیکسلا منتقل کر دیا گیا، پولیس نے حادثے کی تحقیقات شروع کر دیں ۔