ایبٹ آباد: ضلعی انتظامیہ ایبٹ آباد نے قربانی کے جانوروں کو لمپی سکن اور کانگو وائرس سے بچانے کے لیے ویکسینیشن مہم کا آغاز کر دیا ہے۔
عیدالاضحیٰ کی آمد کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ ایبٹ آباد نے قربانی کے جانوروں اور شہریوں کو مویشیوں سے پھیلنے والی مہلک بیماریوں سے بچانے کے لیے جامع حفاظتی اقدامات کا آغاز کر دیا ہے،ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر محکمہ لائیو سٹاک کی جانب سے خصوصی ویکسینیشن مہم جاری ہے جس کے تحت تربیت یافتہ ٹیمیں گھر گھر جا کر جانوروں کو لمپی سکن بیماریوں اور کرائمین،کانگو ہیمرجک فیور (CCHF) سے بچاؤ کے ٹیکے لگا جا رہے ہیں۔ ان بیماریوں کے بارے میں خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ وہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر مویشی منڈیوں اور جانوروں کی نقل و حرکت کے باعث تیزی سے پھیل سکتی ہیں۔
محکمہ لائیوسٹاک کے حکام کے مطابق یہ مہم شہری اور دیہی علاقوں میں یکساں طور پر جاری ہے تاکہ متاثرہ جانوروں کی بروقت نشاندہی کی جا سکے اور بیماری کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔ لائیو سٹاک کی ٹیمیں نہ صرف ویکسین لگا رہی ہیں بلکہ جانوروں کے مالکان کو بیماری کی علامات،احتیاطی تدابیر اور صفائی ستھرائی کے اصولوں سے بھی آگاہ کر رہی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ محکمہ لائیوسٹاک کی ٹیموں سے بھرپور تعاون کریں تاکہ یہ مہم کامیابی سے ہمکنار ہو۔ انہوں نے کہا کہ ہماری اولین ترجیح اس عید پر جانوروں اور انسانوں کی صحت کا تحفظ ہے،عوام سے گزارش ہے کہ وہ حفاظتی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے اپنی اور دوسروں کی صحت کا خیال رکھیں،ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جانوروں کی آمد و رفت پر نظر رکھنے کے لیے داخلی اور خارجی راستوں پر نگرانی کا نظام بھی قائم کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی متاثرہ جانور کو ضلع میں داخل ہونے یا باہر لے جانے سے روکا جا سکے۔