گلگت میں معروف عالمِ دین مولانا قاضی نثار احمد پر ہونے والی دہشت گردانہ کارروائی سے متعلق اہم پیشرفت سامنے آ گئی ، آئی جی پولیس گلگت بلتستان افضل محمود نے ڈی آئی جی پولیس اور کمشنر گلگت کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے واقعے میں ملوث ملزمان سے متعلق تفصیلات سے آگاہ کیا ۔
گلگت: آئی جی پولیس گلگت بلتستان افضل محمود کا کہنا ہے کہ مولانا قاضی نثار احمد پر ہونے والی دہشت گردانہ کارروائی میں ملوث ملزمان کی نشاندہی کر لی گئی ہے ۔
آئی جی پولیس کے مطابق اس واقعے میں دو مرکزی ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ دہشت گردانہ کارروائی میں سہولتکاروں سمیت مجموعی طور پر گیارہ ملزمان شامل تھے ۔
آئی جی پولیس نے بتایا کہ چند ماہ قبل ملزمان نے مولانا قاضی نثار احمد کے قافلے پر فائرنگ کی تھی، جس کے نتیجے میں مولانا قاضی نثار احمد اپنے محافظوں سمیت زخمی ہو گئے تھے ۔
واقعے کے دوران محافظوں کی بروقت اور بھرپور جوابی کارروائی کے نتیجے میں ایک حملہ آور ہلاک جنھیں دیگر ملزمان ساتھ لیکر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے تھے ۔
آئی جی پولیس کے مطابق واقعے کے بعد گلگت شہر اور مضافاتی علاقوں میں خوف و ہراس پھیل گیا تھا ۔
انہوں نے مزید کہا کہ باقی ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں اور انہیں جلد قانون کی گرفت میں لے لیا جائے گا ۔


