ٹیکسلا: پشاور اور ٹیکسلا پولیس نے مشترکہ کارروائی میں تین مغوی بازیاب کرا لیے۔ تھانہ ٹیکسلا کا محرر اور کانسٹیبل اغواء کار نکلے۔ پولیس اہلکاروں نے پشاور سے تین افراد کو تاوان کے لئے اغواء کیا تھا اور اہل خانہ سے پچاس لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا۔
ذرائع کے مطابق پولیس اہلکاروں نے کرایے کے مکان میں نجی ٹارچر سیل بنا رکھا تھا جہاں پشاور پولیس نے ٹیکسلا پولیس کے ہمراہ کارروائی کی اور تینوں مغویوں کو بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا۔ پولیس نے تھانہ ٹیکسلا کا محرر مجتبیٰ اور کانسٹیبل زاہد گرفتار کر لیے گئے۔ اغواء کی واردات میں ملوث پولیس اہلکاروں اور دیگر کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
دوسری جانب سی پی او سید خالدہمدانی کی کمانڈ میں راولپنڈی پولیس میں کڑے احتساب کا عمل جاری ہے۔ سی پی او کے احکامات پر تھانہ ٹیکسلا کے کانسٹیبل زاہد اور کانسٹیبل مجتبی کے خلاف مقدمہ درج، نامزد پولیس اہلکاروں سمیت 06ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا، دیگر ملزمان میں احتشام حیدر، طیب طاہر، شاہد اقبال اور لیڈی نادیہ امام شامل ہیں۔