پشاور: خیبرنیوز پشاور سینٹر کے معروف پروگرام ’’کراس ٹاک‘‘ میں میزبان محمد وسیم کے ساتھ خصوصی گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی سے اتنی مرتبہ نکالا گیاہوں کہ اب عادت پڑ گئی ۔
پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ جن لوگوں نے میرے خلاف خان کے کان بھردئیے ہیں،وہ خود بھی کام کے نہیں،خان کسی پر بھی مکمل اعتماد نہیں کرتا،تب ہی تو ہر کسی کو سنتا ہے ۔
شیر افضل مروت نے انکشاف کیا کہ عمران خان اکثر مجھے کہا کرتے کہ فلاں کے خلاف پریس کانفرنس کرو،جب میں پریس کانفرنس کرتا تو وہ خود لاتعلقی کا اظہار کردیتے ۔
انہوں نے کہا کہ جنکی ملاقاتیں میں خان کیساتھ ارینج کرتاتھا،بدبختوں نے میرا پتہ کاٹ دیا، آج یہ لوگ قادر پٹیل کو جواب دینے کے اہل نہیں،رباب کے تار کی طرح انکو بجاتا ہے ۔
شیر افضل مروت کا مزید کہنا تھا کہ خان کا ہر کسی کو سننے کی عادت کا بڑا نقصان پارٹی کو پہنچ رہا ہے،پارٹی میں گروپ بندی ہے،کے پی میں ایک سال میں دس وزرا تبدیل ہوئے، میرے بعد شیخ وقاص سے بھی مٹھائیاں تقسیم کروائی گئی،لیکن اسکو بھی پی اے سی کا چیئرمین نہیں بنایا ۔
ان کا کہنا تھا کہ سازش کا پتہ نہیں،لیکن ٹکٹیں دینے میں خان کی مرضی شامل تھی،آج بھی اپنی بات پر قائم ہوں کہ ٹیکٹیں دیتے وقت پیسے کا استعمال ہوا ہے ۔
شیر افضل مروت نے کہا کہ کے پی کی صوبائی حکومت،وزرا اور کابینہ ہروقت ٹینشن میں رہتے ہیں،جو خان سے ملاقات کرتاہے وہ وزرا پر بدمعاشی بھی کرتے ہیں ۔