وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان کا گزشتہ دنوں تھلیچی کوسٹر حادثے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے ملاقات کی۔
لواحقین سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ گلگت بلتستان اور استور کی تاریخ کا یہ بڑا سانحہ ہے۔ اس سانحے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے شہدا تھلیچی اور زخمی دلہن کے لیے فی کس 4 لاکھ روپے پیکیج دینے کا بھی اعلان کیا اور لواحقین کے ایک فرد کو ملازمت دینے کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے جاں بحق افراد کی لاشوں کو ریسکیو کرنے والے رضا کار نیک عالم کی بہادری پر انہیں صدارتی ایوارڈ کے لیے سفارشات کے ساتھ نقد انعام اور سرکاری ملازمت دینے کا بھی اعلان کیا۔
وزیر اعلیٰ حاجی گلبر خان نے اس موقع پر عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جو لاشیں ابھی تک نہیں ملی ہیں ان کو ریسکیو 1122کی ٹیمیں تلاش کررہی ہیں۔ گلگت بلتستان حکومت لاشوں کی تلاش کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی اور آخری لاش نکلنے تک اپنا آپریشن جاری رکھیں گے۔