پاک فوج نے بھارت کا ایک اور جھوٹ کا دعویٰ بے نقاب کردیا، ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا کہ 29 ستمبر کو بھارت نے ایک اور فالس فلیگ آپریشن کا ڈرامہ رچایا، آج کا ہندوستان اب انکاؤنٹراستان بن چکا ہے، ہمارا سوال ہے کہ ریٹائرڈ حوالدار محمد آصف سے متعلق بھارت نے فالس فلیگ آپریشن کیوں کیا؟
راولپنڈی: ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے پریس کانفرنس سے خطا کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج کی جانب سے ایک اور فالس فلیگ آپریشن سٹیج کیا گیا ہے، 29 ستمبر کی رات کو بھارتی کور نے ایک ٹویٹ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ بھارتی کور نے دعویٰ کیا کہ ایک دہشت گرد مارا گیا ہے، دعویٰ کیا گیا کہ لشکر طیبہ کے دہشت گرد کی لاش بھی مل گئی ہے، دہشت گرد کا نام محمد آصف عرف ہاشم موسیٰ بتایا جا رہا ہے ۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ بھارت نے دعویٰ کیا ہے کہ محمد آصف ایس ایس جی کا حوالدار ہے، بھارتی کور نے بعد میں کہا کہ ہلاک دہشت گرد موسیٰ عرف آصف فوجی ہے، بھارت نے دعویٰ کیا ہے کہ سپرمین آصف نے مختلف علاقوں میں حملے کیے ۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے کہا کہ پاک فوج کے سپاہی، جن سے متعلق بھارت پروپیگنڈا کرتا رہا، یہاں موجود ہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر نے سپرمین محمد آصف کو میڈیا کے سامنے پیش کر دیا ۔
محمد آصف کی گفتگو: ۔
محمد آصف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا کے ذریعے پتا چلا کہ مجھے بھارت نے شہید کر دیا ہے، بھارتی میڈیا نے مجھ پر جھوٹا اور گھناؤنا الزام لگایا، مارے جانے کی من گھڑت خبر کے بعد مجھے فون کالز موصول ہونا شروع ہوگئیں ۔
محمد آصف نے کہا کہ میں ضلع اٹک کے شہر پنڈی گھیپ کا رہائشی ہوں، 2023 میں ایس ایس جی سے ریٹائرڈ ہوا ہوں، وطن کی خاطر بہادری سے لڑا ہوں اور آئندہ بھی وطن کی خدمت کے لیے حاضر ہوں ۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کے بےبنیاد اور من گھڑت الزامات کی شدید مذمت کرتا ہوں، حیرانی ہوئی کہ میں اپنے گھر میں ہوں، کس نے قتل کر دیا ہے ۔
ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری کا مزید کہنا تھا کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کیلئے دہشت گرد تنظیموں کو سپانسر کرتا ہے، بھارت کی مکتی باہنی، ٹی ٹی پی کو فنڈنگ کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں، بھارت کی مکتی باہنی، ٹی ٹی پی کو فنڈنگ سب کے سامنے ہے ۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ نریندر مودی سمیت تمام انتہا پسند ہندو حکام ریاستی سطح پر کی جانے والی دہشت گردی کو فخریہ بیان کرتے ہیں، بھارت دنیا بھر میں دہشت گردی پھیلانے کا مرکز بن چکا ہے، بھارت دنیا کی سب سے بڑی دہشت گرد ریاست ہے ۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز مظالم کشمیری عوام خود دنیا کے سامنے لارہے ہیں، بھارت دہائیوں سے پاکستان کو بدنام کرنے کیلئے فالس فلیگ آپریشنز کررہا ہے، مقبوضہ وادی دنیا کی سب سے بڑی جیل بن چکی ہے ۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ آج کا ہندوستان اب انکاؤنٹراستان بن چکا ہے، ہمارا سوال ہے کہ ریٹائرڈ حوالدار محمد آصف سے متعلق بھارت نے فالس فلیگ آپریشن کیوں کیا؟
انہوں نے کہا کہ کہا گیا کہ آپریشن شیرانوالی میں بڑی کامیابی ملی ہے، افغان طالبان رجیم کی دہشت گردی بھی بھارت کا پاکستان مخالف ایک اور چہرہ ہے، ہمارا ہمسایہ ایک گھٹیا اور کم ظرف ملک ہے ۔


