پشاور: سپیکر کی صدارت میں خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس ہوا جس میں حکومتی رکن اسمبلی عبدالسلام نے مشترکہ قرارداد پیش کی ،قرارداد میں کہا گیا ہے کہ آئین و قانون کے مطابق شفاف ٹرائل ہر شہری کا حق ہے جبکہ فوجی عدالتوں سے سزائیں سنانا انصاف کا قتل ہے ۔
قرارداد میں کہا گیا ہے کہ وفاق سے سفارش کی جائے کہ فوجی عدالتوں کے فیصلوں کو فوری طور پر واپس لیا جائے،قرارداد کے متن کے مطابق ملٹری کورٹس محب وطن شہریوں کو سزائیں سنارہی ہیں،ملٹری کورٹس کا ٹرائل عام شہریوں کو اپنی حق دفاع سے محروم کرنا ہے ۔
قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ ملٹری کورٹس اپنی جانبدرانہ،غیر قانونی اور غیر آئینی فیصلوں کو واپس لے، 9 مئی کے حوالے سے ایک شفاف انکوائری کی جائے ،قرارداد میں فوجی عدالتوں کے فیصلوں کو غیر آئینی اور غیر قانونی قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی گئی ہے ۔
خیبرپختونخوا اسمبلی میں قرارداد متفقہ طور پر منظور کی گئی، بعدازاں اسمبلی کا اجلاس کل دوپہر 2 بجے تک ملتوی کردیا گیا ۔