ایبٹ آباد میں ڈاکٹر وردہ مشتاق قتل کیس کی تحقیقاتی کیلئے قائم مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے اپنی رپورٹ خیبرپختونخوا حکومت کو پیش کر دی، جے آئی ٹی رکن کے مطابق ذمہ داروں کا تعین کردیا اب سزا کا تعین صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے ۔
ایبٹ آباد: جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم کے رکن اسحاق زکریا ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی نے اپنی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے قصور وار پولیس افسران کا تعین کردیا اب سزا کا تعین صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے ۔
ممبر جے آئی ٹی کا کہنا تھا کہ رپورٹ میں ڈاکٹر وردہ مشتاق کے اغواء اور قتل کیس میں ملوث اور غفلت کے مرتکب افراد کا تعین کیا گیا ۔
انہوں نے کہا کہ پولیس کے جس افسر کا جتنا قصور تھا اس کے مطابق سزا بھی تجویز کی گئی ہے، ڈاکٹر وردہ قتل کیس کی مرکزی ذمہ دار ردا ہے جبکہ ملزم شمعریز اجرتی قاتل تھا ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ملزمہ ردا اور اس کے خاوند وحید بلا کے شمعریز کے ساتھ رابطے اپنے ملازمین کے موبائل نمبروں سے ہوتے رہے ۔
دوسری جانب ڈاکٹروں نے ڈاکٹر وردہ قتل کیس کی تحقیقات کیلئے قائم جے آئی ٹی کی رپورٹ جلد منظر عام پر لانے کا مطالبہ بھی کردیا ۔
ڈاکٹرز ایسو سی ایشن نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت جے آئی ٹی میں موردالزام ٹھہرائے گئے ملزمان کے خلاف کارروائی کرے، جے آئی ٹی رپورٹ پبلک نہ کی گئی تو صوبہ بھر میں احتجاج کرینگے ۔


