وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد پولیس کے لیے خریدی گئی بلٹ پروف اور بکتر بند گاڑیاں خیبرپختونخوا پولیس کے حوالے کر دی ہیں، اس اقدام کا بنیادی مقصد صوبے میں درپیش امن و امان کے چیلنجز اور بڑھتی ہوئی دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشنز کو زیادہ مؤثر بنانا ہے ۔
گورنر ہاؤس پشاور اور وفاق کے مابین رابطوں کے بعد کی جانے والی اس منتقلی کا مقصد خطرناک اور حساس علاقوں میں پولیس اہلکاروں کی محفوظ نقل و حرکت کو یقینی بنانا اور خیبرپختونخوا پولیس کی آپریشنل صلاحیتوں کو مضبوط بنانا ہے ۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ صرف ایک صوبے کا نہیں بلکہ پوری قوم کا مشترکہ چیلنج ہے ۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ وفاقی حکومت خیبرپختونخوا پولیس کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہے اور دہشت گردی کے خاتمے، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کی بحالی کے لیے تمام درکار لاجسٹک اور فنڈنگ کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔


