معرکہ حق آپریشن “ بُنْيَانٌ مَّرْصُوْصٌ“ میں افواج پاکستان کی شاندار کامیابی اور بھارت کے خلاف عظیم فتح کے اعتراف میں ملک بھر میں آج ملی جوش و جذبے کے ساتھ یوم تشکر منایا جا رہا ہے، دن کا آغاز مساجد میں خصوصی قرآن خوانی اور استحکام پاکستان، ترقی و خوشحالی کی دعاؤں سے ہوا۔
ملک کے مختلف شہروں میں نمازِ فجر کے بعد خصوصی دعائیں کی گئیں، جن میں مقبوضہ کشمیر کی آزادی اور شہدا کے بلند درجات کے لیے بھی دعائیں مانگی گئیں جبکہ مساجد میں علمائے کرام، عوام الناس اور افواجِ پاکستان کے جوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور وطنِ عزیز کے تحفظ و دفاع کے عزم کو دہرایا۔ نمازِ تشکر کی ادائیگی کے بعد قرآن خوانی کا خصوصی اہتمام کیا گیا، جس میں معرکہ بنیان مرصوص کے ہیروز کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا اور شہداء کی قربانیوں کو سلام عقیدت پیش کیا گیا۔
علما کرام نے اپنے خطابات میں اس بات پر زور دیا کہ افواجِ پاکستان نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانا ان کا نصب العین ہے، اور پوری قوم اپنے محافظوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
معرکہ حق آپریشن ”بنیان مرصوص“ میں افواجِ پاکستان کی شاندار کامیابی کے اعتراف میں آج یومِ تشکر کی مناسبت سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 توپوں جبکہ تمام صوبائی دارالحکومتوں، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ اسلام آباد میں دن کا آغاز توپوں کی گھن گرج سے ہوا، جس نے پوری قوم کے دلوں میں فخر، عزم اور ملی یکجہتی کی نئی روح پھونک دی۔ اسی طرح لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ، مظفرآباد اور گلگت میں بھی 21 توپوں کی سلامی سے یومِ تشکر کی تقریبات کا آغاز کیا گیا۔
اس موقع پر پاک فوج کے چاق چوبند دستوں نے سلامی پیش کی، اور ملک کے دفاع کے عہد کو ایک بار پھر دہرایا۔ جوانوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وطنِ عزیز کی جانب اٹھنے والی ہر ناپاک نظر کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
پاکستان کی فضائیں ”نعرۂ تکبیر، اللہ اکبر“، ”پاکستان زندہ باد“ اور ”افواجِ پاکستان پائندہ باد“ کے نعروں سے گونج اٹھیں۔ شہریوں کی بڑی تعداد نے توپوں کی سلامی کے مناظر دیکھے اور سوشل میڈیا پر اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے یوم تشکر پر گورنر ہاؤس پشاور میں پرچم لہرایا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ بھارت ہماری خاموشی کو کمزوری سمجھ رہا تھا، بھارتی جارحیت میں ہمارے معصوم بچے اور نہتے شہری شہید ہوئے، شہدا کی وطن کیلئے قربانی کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کو جواب دیا تو پوری دنیا کو بتایا، افواج پاکستان نے ثابت کیا کہ ہمیں اپنی سرحدوں کی حفاظت کرنی آتی ہے، پاکستان محفوظ ہاتھوں میں ہے، ہندوستان بہت چیخ رہا تھا مگر اس کو مؤثر جواب دیا گیا، ہم پہلے دن سے کہہ رہے تھے ایٹمی طاقتوں کی لڑائی دنیا برداشت نہیں کر سکتی۔
معرکہ حق میں شاندار فتح پر یوم تشکر کے موقع پر شہدا کے مزارات پر پروقار تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔ میجرعزیز بھٹی شہید نشان حیدر، میجر محمد اکرم شہید نشان حیدر اور میجرشبیرشریف شہید نشان حیدر کے مزار پر پروقار تقریب منعقد ہوئی جبکہ شہدا کو سلامی دی گئی اور پھول رکھے گئے۔ کیپٹن کرنل شیرخان شہید نشان حیدر اور کیپٹن سرور شہید نشان حیدر کی یادگار پر پھول رکھنے کی تقریب منعقد ہوئی، مسلح افواج کے چاق وچوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ شہدا کے بلند درجات کے لیے دعائیں کی گئیں۔ ملک وقوم کی سلامتی کےلیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
اس کے علاوہ آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر آزاد کشمیر بھر میں تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں، تعلیمی اداروں میں افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے تقریبات جاری ہیں، پاک فوج زندہ باد، ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہمارا ہے کہ نعروں کی گونج ہے، اساتذہ نے بھی بھارت کو بھرپور جواب دینے پر نظمیں پیش کیں۔
معرکہ حق، آپریشن بنیان مرصوص میں افواجِ پاکستان کی شاندار فتح پر شمالی وزیرستان کے غیور قبائلی عوام نے وطن سے والہانہ محبت اور پاک فوج سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے خصوصی جرگے کا انعقاد کیا۔
میرانشاہ میں منعقدہ اس جرگے میں قبائلی مشران، عمائدین، اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی، جبکہ جنرل آفیسر کمانڈنگ میرانشاہ میجر جنرل عادل افتخار مہمانِ خصوصی تھے۔
میجر جنرل عادل افتخار نے قبائلی عوام کی جرات، تعاون اور حب الوطنی کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی میں قبائلی عوام کا کردار قابلِ ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم نے یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا۔
جرگے کے شرکا نے افواجِ پاکستان کی عظیم قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے تمام شہدا، خصوصاً آپریشن بنیان مرصوص کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے جوانوں کے لیے دعا کی اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے اللہ تعالیٰ سے رجوع کیا۔
شرکا نے واضح کیا کہ غیور قبائلی عوام اپنی درخشاں روایات کے مطابق ہر محاذ پر وطن کا دفاع کرنے والی فوج کے ساتھ کھڑے تھے، ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن کو ایک بار پھر پیغام دے دیا گیا ہے کہ شمالی وزیرستان کے عوام مادرِ وطن کے تحفظ کے لیے ہر قیمت پر تیار ہیں۔
اس موقع پر شرکا نے اعلان کیا کہ افواجِ پاکستان کی فتح پر شمالی وزیرستان بھر میں جشن منایا جائے گا اور خصوصی ریلیوں کا اہتمام کیا جائے گا۔