راولپنڈی میں انٹیلیجنس کمیٹی کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے ٹاسک فورس غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے خلاف شاندار کارروائیاں کر ر ہی ہے۔ ٹاسک فورس نے چونترہ تا چک بیلی خان روڈ موضع بھل، موضع چک سیگھو راولپنڈی، اور ٹیکسلا میں تین غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں کے خلاف گرینڈ آپریشن کرتے ہوے دفاتر، بجلی کے کھمبے، بل بورڈز، سڑکوں اور سکیورٹی روم کو مسمار کر دیا ہے۔ کمشنر راولپنڈی ڈویژن لیاقت علی چٹھہ کی ہدایت پر ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی اور سی پی او راولپنڈی غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے خلاف آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔ ڈی جی آر ڈی اے محمد سیف انور جپہ نے بتایا کہ کمشنر راولپنڈی کی ہدایات پر غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے فراڈ اور شہریوں سے لوٹ مار روکنے کے لیے تمام غیر قانونی سوسائٹیوں کے خلاف گرینڈ آپریشن جاری رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ عوام کی جانب سے غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے مالکان کے ناجائز قبضوں کی شکایات موصول ہوئی ہیں۔ اسلحہ کے زور پر زمینوں پر قبضہ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جن ہاؤسنگ سکیموں کے مالکان قانونی دستاویزات مکمل کر چکے ہیں انہیں زمین کا قبضہ دے دیا گیا ہے۔ آر ڈی اے عوام الناس کی معلومات کے لیے وقتاً فوقتاً پریس ریلیز جاری کرتا رہتا ہے۔ انہوں نے شہریوں کو تاکید کی کہ وہ غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں میں سرمایہ کاری نہ کریں۔