انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 مینز ورلڈ کپ 2024 کا میچ بھارت سے ہارنے کے بعد، قومی ٹیم آج کینیڈا کے خلاف میچ جیتنے کی پوری کوشش کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق آئی سی سی کے زیر اہتمام امریکا اور ویسٹ انڈیز کی میزبانی میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے 22ویں میچ میں پاکستان اور کینیڈا کی ٹیمیں نیویارک کے ناساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں آمنے سامنے ہوں گی۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے سات بجے شروع ہوگا۔
امریکہ اور بھارت سے شکست کے بعد قومی ٹیم کے لیے سپر 8 مرحلے تک پہنچنا مشکل دکھائی دے رہا ہے۔ دو میچ ہارنے کے بعد پاکستان کو اب اگلے مرحلے میں پہنچنے کے لیے دوسری ٹیموں پر انحصار کرنا پڑے گا۔ کوالیفائی کرنے کے لیے پاکستان کو بقیہ دو میچز جیتنا ہوں گے اور امریکہ کو دونوں میچ ہارنا ہوں گے۔ پاکستان کو اگلے دو میچ کینیڈا اور آئرلینڈ کے خلاف کھیلنا ہیں جبکہ امریکہ کو انڈیا اور آئرلینڈ سے مقابلہ کرنا ہے۔
بھارت کے ہاتھوں قومی کرکٹ ٹیم کی بدترین شکست کے بعد پاکستانی شائقین سخت مایوس ہیں۔ کہتے ہیں ٹیم کی کارکردگی صفر ہے اور شائقین کا یہ بھی کہنا تھا کہ بابر اعظم اور محمد رضوان سرفہرست بلے باز ہیں، جب دن آیا جب حقیقی کارکردگی دکھانے کا ، وہ ڈھیر ہو گئے۔ بابر اعظم کپتان ہیں لیکن رنز نہیں بناتے، بھارت کے سامنے ہاتھ پاؤں پھول جاتے۔
دوسری جانب میچ ہارنے کے بعد بابر اعظم کا کہنا تھا کہ پچ اچھی تھی، گیند بلے پر اچھی آرہی تھی، بیٹنگ میں پہلے 10 اوورز اچھے کھیلے، تاہم بقیہ میں اچھی بیٹنگ نہیں کر سکے۔ اننگز کے 10 اوورز میں کچھ گیندیں توقع کے مطابق بلے سے نہیں لگیں۔