جہلم ویلی لائن آف کنٹرول کھلانہ ویلی گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری سکول میں سٹاف کی عدم دستیابی کی وجہ سے طالبات نے حکومت کے خلاف احتجاج کیا۔
ذرائع کے مطابق کھلانہ ویلی میں واقع گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری سکول میں سٹاف کی عدم دستیابی کے خلاف طالبات اور سول سوسائٹی نے احتجاج کیا ہے۔ مظاہرین نے سکول کو علامتی طور پر تالہ لگا دیا اور کلاسز کا مکمل بائیکاٹ کرتے ہوئے وزیر تعلیم، سیکرٹری تعلیم، اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
ذرائع کے مطابق یہ احتجاج حکومت اور وزارت تعلیم کو دی جانے والی ڈیڈ لائن کے ختم ہونے پر کیا گیا۔طالبات کے مطابق سکول میں سٹاف کی کمی کی وجہ سے تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں، جس سے ان کا مستقبل داؤ پر لگا ہوا ہے۔
احتجاج کے دوران، طالبات نے اپنی آواز بلند کی اور مطالبہ کیا کہ فوری طور پر سٹاف کی کمی کو پورا کیا جائے تاکہ ان کی تعلیم متاثر نہ ہو۔ مظاہرین نے حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ ان کی مشکلات کا حل نکالیں اور فوری اقدامات کریں۔
طالبات کے اس احتجاج نے علاقے میں تعلیمی صورتحال پر ایک نیا سوال اٹھا دیا ہے۔