سکردو میں تاجر برادری بجلی بحران سے شدید تنگ آکر احتجاج کرنے کیلئے تاجر تنظیموں نے سر جوڑ لئے۔ بجلی کی شدید لوڈشیڈنگ سے سب سے زیادہ متاثر کالج روڈ آرامشین لائن اور ورکشاپ لائن کے تاجر ہو رہے ہیں۔ جہاں تاجروں نے بجلی بحران پر آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے کیلئے انجمن تاجران کے صدر سے بھی رابطہ کرلیا ہے۔
تاجروں کے وفد محمد علی مہدی، علی محمد نذیر محمد حسین عبداللہ اور دیگر کا کہنا ہے کہ سکردو میں بجلی آہستہ آہستہ نظروں سے اوجھل ہورہی ہے، ایسا لگتا ہے کہ یہاں حکومت نام کی کوئی شے نہیں ہے۔ بجلی نہ ہونے کی وجہ سے نظام زندگی مفلوج ہوکر رہ گیا ہے۔
دوسری جانب انجمن تاجران کے صدر غلام حسین اطہر اور جنرل سکریٹری احمد چو شگری نے کہا ہے کہ بجلی بحران پر قابو پانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ بحران پر قابو پانے کیلئے شارٹ ٹرم اور لانگ ٹرم پالیسی بنائی جانی چاہیے وگرنہ احتجاج کا ماحول بن سکتا ہے۔