سکردو: بلتستان یونیورسٹی تک سڑک کی تعمیر میں تاخیرکے خلاف طلبہ سراپا احتجاج بن گئے طلبہ نے کئی گھنٹے سڑک بلاک کر کے دھرنادے دیا ۔
یونیورسٹی آف بلتستان سکردو تک سڑک کی عدم تعمیر کے خلاف طلبہ نے ترابی چوک پر احتجاجی مظاہرہ کیا، مظاہرے میں طلبہ نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر "یونیورسٹی تک فوری روڈ تعمیر کرو” اور "طلبہ سے مزید انتظار نہیں ہو سکتا” جیسے نعرے درج تھے ۔
طلبہ کا کہنا تھا کہ ہمارا صرف ایک ہی مطالبہ ہے کہ بلتستان یونیورسٹی تک سڑک کو جنگی بنیادوں پر بنایاجائے تاکہ آمدورفت میں درپیش مسائل کا فوری حل نکل سکے۔
انہوں نے کہا کہ طویل عرصے سے روڈ کی تعمیر کا وعدہ کیا جا رہا ہے مگر تاحال کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا،مختلف سیاسی وسماجی رہنماؤں نے طلبہ کے مطالبے کی حمایت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ بلتستان یونیورسٹی کے طلبہ کی مشکلات کو سنجیدگی سے لے اور فوری طور پر روڈ کی تعمیر کا آغاز کرے ۔
طلبہ نے خبردار کیا کہ اگر ان کے مطالبات پر فوری عملدرآمد نہ ہوا تو احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا، سڑک کچی ہونےکی وجہ سے یونیورسٹی تک جانے لئے لئے طلبہ طالبات کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔