پشاور (حسن علی شاہ) — کےٹو اسلام آباد کا مقبول مزاحیہ پروگرام "شگوفہ” ناظرین کو نہ صرف قہقہوں میں ڈوبو دیتا ہے بلکہ معاشرتی ناہمواریوں اور تلخ حقیقتوں کی عکاسی بھی کرتا ہے۔ یہ پروگرام اس بات کی ایک عمدہ مثال ہے کہ مزاح کے ذریعے کس طرح سنجیدہ پیغامات مؤثر انداز میں پہنچائے جا سکتے ہیں۔
ملٹی ٹیلنٹڈ فنکار قاضی عارف محمود اس شو میں مختلف اسٹاک کرداروں اور شاندار گیٹ اَپ کے ساتھ ایسی پرفارمنس پیش کرتے ہیں جو ناظرین کو محظوظ کرنے کے ساتھ سوچنے پر بھی مجبور کر دیتی ہے۔ ان کے ماضی کے کامیاب پروگرامز، جیسے "ملک دی بیٹھک”، "دوہ خزوخاوند”، "سپینے خبرے” اور متعدد ڈرامے، ان کی فنکارانہ مہارت اور فی البدیہہ مکالمہ بازی کی صلاحیت کا ثبوت ہیں۔ قاضی عارف نہ صرف اسکرپٹ کے مطابق اداکاری کرتے ہیں بلکہ موقع کی مناسبت سے فوری اور جاندار مکالمے بھی پیش کرتے ہیں جو شو کی جان بن جاتے ہیں۔
"شگوفہ” کی میزبانی اور قاضی عارف کی دلچسپ نوک جھونک ناظرین کے دل جیت لیتی ہے۔ یہ پروگرام تفریح کے ساتھ ساتھ عام آدمی سے لے کر خاص شخص تک، روزمرہ زندگی میں پیش آنے والے معاشرتی مسائل کو مزاح کے پیرائے میں اجاگر کرتا ہے۔ ملک بھر میں شائقین اسے اپنے گھروں میں فیملی کے ساتھ دیکھ کر بھرپور لطف اندوز ہوتے ہیں، اور یوں یہ شو ہر گھر میں قہقہوں اور شگوفوں کا پیغام پہنچا رہا ہے۔