متعدد خلیجی ممالک نے مودی کی ایما پر بننے والی بالی ووڈ کی پراپیگنڈہ فلم ‘آرٹیکل370 ‘کی نمائش پر پابندی عائد کر دی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق اداکارہ یامی گوتم کی فلم ‘آرٹیکل370 ‘ کانام بھارتی آئین کی دفعہ 370 پر رکھا گیا ہے ۔اس دفعہ کے تحت اقوام متحدہ کے تسلیم شدہ متنازعہ علاقے جموں و کشمیر کو خصوصی حیثیت حاصل تھے ۔مودی کی بھارتی حکومت نے اگست 2019میں اس آئینی دفعہ کو منسوخ کر کے جموںوکشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر دی تھی ۔
متنازعہ فلم پرخلیجی ممالک کی پابندی سے مودی حکومت کو عالمی سطح پر شرمندگی کا سامنا کرناپڑا ہے ۔فلم کی نمائش پر پابندی کی ایک وجہ اس سے پیداہونیوالے سیاسی و سماجی تنازعے کو بھڑکنے سے روکنا ہے ۔متنازعہ فلم کی کہانی کشمیری پنڈت سے شادی کرنے والی ایک لڑکی کے گرد گھومتی ہے ، جو عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقے جموں وکشمیر میں بھارت کے غیر قانونی تسلط سے آزادی کی کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کو چیلنج کرتی ہے اورحکمران بھارتیہ جنتا پارٹی کے بیانیہ کے عین مطابق کشمیریوں کی اس جدوجہد کو دہشت گردی قراردیتی اور موقف اختیار کرتی ہے کہ جموں و کشمیر میں دہشت گردی ایک کاروبار ہے، جس کا آزادی سے کوئی تعلق نہیں ۔یہ متنازعہ فلم بھارت میں لوک سبھا کے انتخابات کے موقع پر ریلیز کی جارہی ہے ۔