شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 16 خوارج ہلاک کر دیئے، آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں حوالدار عصمت علی اور نائیک آفتاب علی نے جامِ شہادت نوش کیا ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران علی خیل میں دو افغان باشندوں سمیت 12 خوارج ہلاک کیے گئے جبکہ میر علی اور دتہ خیل میں 2، 2 خوارج کو کو اپنے انجام تک دیا گیا ۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آپریشن کے دوران ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کرلیا گیا ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں حوالدار عصمت علی اور نائیک آفتاب علی نے جامِ شہادت نوش کیا، شہید حوالدار عصمت علی کا تعلق صوابی جبکہ نائیک آفتاب علی کا تعلق مردان سے تھا ۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ علاقے میں باقی ماندہ خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری رہیں گے، عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی ۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہبازشریف نے شمالی وزیرستان میں کامیاب سکیورٹی آپریشن کے دوران 16 خوارج کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے ۔
دونوں رہنماوں نے کہا کہ قوم اپنے بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتی ہے، شمالی وزیرستان میں جامِ شہادت نوش کرنے والے حوالدار عصمت علی اور نائیک آفتاب علی کی قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی ۔
انہوں نے کہا کہ غیر ملکی سرپرستی میں جاری دہشت گردی کے خلاف کامیابی سے جاری عزمِ استحکام کے تحت آخری دہشت گرد کے خاتمے تک پوری طاقت سے کارروائیاں جاری رہیں گی ۔


