سکردو میں گزشتہ دو روز سے لاپتہ سیاحوں کا پتہ نہ چل سکا۔ ٹورسٹ پولیس کا شاہراہ قراقرم کے خطرناک مقامات اور دریا سندھ کے کنارے تلاش کا سلسلہ جاری۔
تفصیلات کے مطابق اتوار کے روز کچورہ شنگریلا سکردو سیاحت کے غرض سے آنے والی پشاور کی فیملی واپس آتے ہوئے لاپتہ ہوئی ہے۔ گزشتہ دو روز سے سیاحوں کا خاندان والوں سے کوئی رابطہ نہیں ہورہا ہے۔ لاپتہ ہونے کی خبر سامنے آتے ہی انتظامیہ نے گاڑی کی تلاش کا سلسلہ شروع کیا ہے۔ ٹورسٹ پولیس کے مطابق سی سی ٹی وی کیمروں میں دیکھا گیا ہے کہ سیاحوں کی گاڑی سکردو سے گلگت اور گلگت سے ہوتے ہوئے رائیکوٹ پل کراس کرکے دیامر حدود میں داخل ہوئی ہے۔ آئی جی گلگت بلتستان افضل محمود بٹ کی ہدایات پر ٹورسٹ پولیس نے لاپتہ سیاحوں کی گاڑی کو شاہراہ قراقرم کے خطرناک مقامات سمیت دریائے سندھ کے کنارے تلاش کررہے ہیں مگر تاحال گاڑی کا کوئی پتہ نہیں لگ رہا اور نہ ہی حادثے کے شواہد سامنے آئے ہیں۔ ٹورسٹ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر لاپتہ کار کے حوالے سے کسی کے پاس کوئی معلومات ہیں تو قریبی تھانے میں اطلاع دیں۔