پیسکو ریجن میں حالیہ بارش کے بعد پشاور، مردان، بنوں، خیبر اور ڈی آئی خان سرکل میں بجلی کی ترسیل متاثر ہوئی ہے۔ ترجمان پیسکو کے مطابق بارش کے باعث مجموعی طور پر 35 فیڈرز ٹرپ ہو گئے ہیں، جس کے نتیجے میں مختلف علاقوں میں بجلی کی عارضی بندش کا سامنا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ پشاور میں 14، خیبر میں 11، بنوں میں 5، ڈی آئی خان میں 3 جبکہ مردان میں 2 فیڈرز ٹرپ ہوئے ہیں، تاہم بقیہ تمام فیڈرز پر بجلی معمول کے مطابق فراہم کی جا رہی ہے۔
چیف ایگزیکٹو آفیسر پیسکو اختر حمید خان نے آپریشن ٹیموں کو ہدایت جاری کی ہے کہ متاثرہ علاقوں میں بجلی کی بحالی کو فوری طور پر یقینی بنایا جائے۔ پیسکو کی ٹیمیں فیلڈ میں موجود ہیں اور بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے، جس کے بعد جلد بجلی بحال کر دی جائے گی۔
پیسکو ترجمان نے صارفین سے اپیل کی ہے کہ بجلی بندش یا کسی بھی خرابی کی صورت میں 118 پر کال کر کے اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے۔


