پشاور (حسن علی شاہ) خیبر ٹیلی ویژن نیٹ ورک کا چینل کے ٹو اس وقت پاکستان کا واحد نجی ٹی وی چینل ہے جو قومی زبان کے ساتھ ساتھ علاقائی زبانوں اور ثقافتوں کو بھی بھرپور طریقے سے اجاگر کر رہا ہے۔ مختلف پروگرام جیسے ڈھیڈی، ست بسم اللہ، ملک دی بیٹھک، پشوری پشور دے، پشور دی گلی، پشوری قاوہ وغیرہ کے ٹو کی پہچان ہیں۔ ان پروگراموں کے ذریعے نہ صرف عوام کو تفریح فراہم کی جاتی ہے بلکہ ثقافتی اور معلوماتی مواد بھی پیش کیا جاتا ہے۔
انہی کامیاب سلسلوں میں ایک اور خوبصورت اضافہ اسلام آباد اسٹیشن سے نشر ہونے والا ہفتہ وار شو "پنجاب دے رنگ” ہے۔ یہ پروگرام معلوماتی اور ثقافتی دونوں پہلوؤں کو سمیٹے ہوئے ہے اور اسے اپنی دلکش اندازِ پیشکش کی وجہ سے مقبولیت حاصل ہو رہی ہے۔ پروگرام کی میزبانی ندا عمران اور عماد کر رہے ہیں جو نہایت خوبصورتی کے ساتھ پنجاب کی ثقافت کے رنگوں کو اجاگر کرتے ہیں۔
پنجاب دے رنگ میں صوبہ پنجاب کے روایتی کھانے، ملبوسات، دستکاریاں، پیزار، رسم و رواج اور مختلف برادریوں کے دلچسپ پہلوؤں پر بات کی جاتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ پنجاب کے لوک رنگ، اولیا کرام اور صوفی شعرا کے افکار و تعلیمات کو بھی ناظرین تک مستند انداز میں پیش کیا جاتا ہے۔ شو میں ایسے خواتین و حضرات کو بھی مدعو کیا جاتا ہے جو اپنے اپنے شعبوں میں نمایاں مقام رکھتے ہیں اور دوسروں کے لیے رول ماڈل سمجھے جاتے ہیں۔
یہ پروگرام صرف پنجاب ہی نہیں بلکہ سندھ اور خیبرپختونخوا کے ان علاقوں میں بھی شوق سے دیکھا جاتا ہے جہاں ہندکو اور سرائیکی زبانیں بولی اور سمجھی جاتی ہیں۔ اس طرح کے ٹو ٹی وی کا یہ شو قومی ہم آہنگی اور ثقافتی فروغ کی ایک اور شاندار مثال بن گیا ہے۔