خان پور: عوامی شکایات پر صوبائی وزیر بلدیات ارشد ایوب خان نے خانپور ٹی ایم اے آفس کا اچانک دورہ کیا دورے کے دوران انہوں نے غیر حاضر سٹاف اور افسران کے خلاف محکمے کو فوری کاروائی کرنے کا حکم دیا جس پر خیبر پختونخوا لوکل گورنمنٹ، الیکشنز اینڈ رورل ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے تحت کام کرنے والے لوکل کونسل بورڈ نے ٹی ایم اے خانپور کے پانچ افسران کو معطل کر دیا گیا ہے۔
یہ فیصلہ صوبائی وزیر بلدیات کے اچانک دورے کے دوران غیر حاضری اور سرکاری فرائض میں غفلت کے باعث کیا گیا جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، معطل کیے گئے افسران میں ٹی ایم او خانپور عائشہ طاہر، ٹی او (آر) فیصل عباس، ٹی او (ایف) عامر خان، ٹی او (آئی) محمد جاوید، اور سب انجینئر طلحہ حسین شامل ہیں۔ ان افسران پر سرکاری ہدایات کی خلاف ورزی، سرکاری امور میں رکاوٹ ڈالنے اور غیر حاضری کے الزامات ہیں معطلی کے دوران ان افسران کے عہدوں پر دیگر اہلکاروں کو اضافی ذمہ داریاں تفویض کی گئی ہیں ساتھ ہی ڈپٹی سیکرٹری (مانیٹرنگ اینڈ ایوالیوایشن) لوکل کونسل بورڈ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سات روز میں ان الزامات کی تحقیقات مکمل کر کے رپورٹ پیش کریں یہ فیصلہ خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے سرکاری اداروں میں شفافیت اور کارکردگی کو یقینی بنانے کے اقدامات کے تحت کیا گیا ہے۔