وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بین الاقوامی کرکٹ کا مسلسل انعقاد ملک کے مثبت تشخص اور امن و استحکام کا ثبوت ہے، انہوں نے مزید کہا کہ ٹرائی نیشن سیریز سے کرکٹ کے شائقین کو اعلیٰ درجے کا کھیل دیکھنے کو ملے گا ۔
اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان میں جاری سہ ملکی ٹی ٹوینٹی سیریز میں شریک ٹیموں کے کھلاڑیوں کے اعزاز میں ظہرانہ کا اہتمام کیا،جس میں پاکستان، سری لنکا اور زمبابوے کی ٹیموں کے کھلاڑیوں نے شرکت کی ۔
اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا ہے کہ پاکستان، سری لنکا اور زمبابوے کی ٹیموں کی ٹرائی نیشن سیریز قابل ستائش ہے، تمام کھلاڑی اپنے اپنے ملک کی بہترین نمائندگی کر رہے ہیں ۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ اسپورٹس مین سپرٹ اور باہمی احترام کی ایسی مثال قائم کریں جو نوجوان نسل کے لیے مشعلِ راہ ہو ۔
ان کا کہنا ہے کہ چئیرمین پی سی بی کی سربراہی میں سیریز کے تمام میچز کے بہترین انتظامات ہیں۔ مؤثر حکمتِ عملی اور اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ تمام میچز منعقد کر رہے ہیں ۔
شہباز شریف کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی کرکٹ کا مسلسل انعقاد ملک کے مثبت تشخص اور امن و استحکام کا ثبوت ہے، ٹرائی نیشن سیریز سے کرکٹ کے شائقین کو اعلیٰ درجے کا کھیل دیکھنے کو ملے گا ۔
انہوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ تینوں ممالک میں کرکٹ کے ذریعے دوستی اور باہمی تعاون مزید مضبوط ہوگا، پاکستان آئندہ بھی دنیا بھر کی ٹیموں کی اسی طرح میزبانی کرتا رہے گا ۔
وزیر اعظم ہاؤس میں منعقد ظہرانے میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، وزیر داخلہ و چیئرمین پی سی بی محسن نقوی، وفاقی وزرا عطا اللّٰہ تارڑ اور حنیف عباسی نے شرکت کی، جبکہ پاکستان میں سری لنکا اور زمبابوے کے ہائی کمشنرز بھی ظہرانے میں شریک ہوئے ۔


