وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ قومی کرکٹرز نے بھی اپنے عمدہ کھیل سے ملک و قوم کا نام دنیا بھر میں روشن کیا ہے، امید ہے پاکستان کرکٹ ٹیم ماضی کی طرح شاندار کھیل پیش کرے گی ۔
اسلام آباد: وزیراعظم ہاؤس میں دیئے گئے عشائیے میں شہباز شریف نے مہمان اور قومی ٹیم کے کھلاڑیوں سے فرداً فرداً مصافحہ کیا اور بات چیت بھی کی ۔
اس موقع پر وزیراعظم نے جنوبی افریقہ اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی افریقا کی کرکٹ ٹیم کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہیں، جنوبی افریقہ کے ساتھ مختلف سطحوں پر شاندار تعلقات ہیں اور کرکٹ بھی ان میں سے ایک ہے ۔
انہوں نے کہا کہ جاری کرکٹ سیریز پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلوں کے گہرے تعلقات اور باہمی احترام کی علامت ہے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جنوبی افریقہ نے کرکٹ کے عظیم کھلاڑی پیدا کیے ہیں ۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ قومی کرکٹرز نے بھی اپنے عمدہ کھیل سے ملک و قوم کا نام دنیا بھر میں روشن کیا ہے، امید ہے پاکستان کرکٹ ٹیم ماضی کی طرح شاندار کھیل پیش کرے گی ۔
وزیر اعظم نے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی صلاحیتوں پر بھرپور اعتماد ہے ۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کرکٹ محض ایک کھیل نہیں ہے بلکہ مختلف ممالک کے عوام کو آپس میں جوڑنے، بھائی چارے اور امن کو فروغ دینے کا سبب ہے، اس کھیل کی اصل روح کو برقرار رکھنے کی ضرورت ہے ۔
وزیراعظم نے بین الاقوامی کھیلوں کے فروغ اور کھیلوں کے بڑے ایونٹس کی میزبانی کے لیے سازگار ماحول کو برقرار رکھنے کے لیے پاکستان کے عزم کو اجاگر کیا ۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جنوبی افریقی ٹیم کی انتظامیہ اور کھلاڑیوں نے پاکستان کی حکومت اور عوام کی گرمجوشی پر شکریہ ادا کیا ۔
انہوں نے بتایا کیا کہ سیریز ایک یادگار تجربہ رہا اور وہ پاکستانی شائقین کی بھرپور حمایت اور داد سے لطف اندوز ہوئے ہیں ۔
عشائیے میں چیئر مین پاکستان کرکٹ بورڈ اور وزیر داخلہ محسن نقوی ، وفاقی وزرائے خزانہ، اطلاعات اور دیگر حکام بھی موجود تھے ۔


