مظفرآباد: وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ پروفیشنل صحافی سچ کے فروغ اور جھوٹ کے محاسبے کیلئے ملکر قانون سازی کیلئے تجاویز دیں، صحافت مقدس پیشہ ہے ، صحافیوں کی فلاح کیلئے پریس فاؤنڈیشن کی سالانہ گرانٹ 50لاکھ سے بڑھا کر ایک کروڑ کرنے کا اعلان کرتاہوں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے نو منتخب وائس چیئرمین آزاد جموں و کشمیر پریس فاونڈیشن سردار ذولفقار علی سے حلف لینے کے بعد منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا کہ ہم سب کو خود احتسابی سے گزرنا ہوگا،22 ماہ میں ایک لمحہ بھی رخصت اتفاقیہ نہیں لی،ہسپتال میں داخل تھا تو ڈی سی باغ کو ہدایات دیں۔
لکھنے کا اختیار بھی حدود و قانون ضابطے کے اندر رہ کر ہونا چاہیے۔ جو مرضی لکھیے لیکن اپنے لکھے کو ثابت کریں۔ انہوں نیکہا کہ اب اے آئی کے دور میں عوام کے پیسوں سے کھلواڑ نہیں کرنے دیں گے ، ہر شخص کو حق ہے کہ جہاں غلطی کوتاہی بدعنوانی دیکھے شکایت کرے۔ وزیراعظم نے کہاکہ میں اور میری کابینہ آپ کے میڈیا کی شکایات کے آگے جوابدہ ہیں تو لکھنے والوں کو بھی جوابدہ ہونا چاہیئے۔
اس بارے قوانین بنانے کے لیے پروپوزل آپ دیں عملدرآمد ہم کروائیں گے۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ رمضان المبارک میں گراں فروشی اور ملاوٹ پر آپریشن ہوگا، جہاں گراں فروشی ملاوٹ ہوگی وہاں کے ذمہ دار افسران جبری رخصت پر گھر جائیں گے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے اس موقع پر پریس فاونڈیشن کی سالانہ گرانٹ 50 لاکھ سے بڑھا کر آئندہ ایک کروڑ کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ مرحوم صحافی کے پسماندگان کو 10 لاکھ روپے تک دیے جائیں تاکہ ان کی کچھ نہ کچھ مدد ہو سکے۔